برسات کے موسم میں اے سی کو کس موڈ پر چلایا جائے؟
Image
لاہور:(ویب ڈیسک)بارش کا موسم انتہائی خوشگوار ہوتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ موسم بجلی کے بلوں میں اضافے اور بیمار پڑنے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ اس کی ایک وجہ AC کا غلط چلنا ہے۔
 
بارش کا موسم خوشیاں تو لاتا ہے لیکن گرمی اور نمی کا مسئلہ بھی لاتا ہے۔ ایسے میں لوگ اپنے گھروں میں اے سی چلانا شروع کردیتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ برسات کے موسم میں اے سی چلانے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟
 
اگر نہیں تو ہوشیار رہیں! غلط موڈ استعمال کرنے سے ناصرف آپ کا بجلی کا بل بڑھ سکتا ہے بلکہ آپ بیمار بھی ہو سکتے ہیں۔
 
 آئیے جانتے ہیں کہ برسات کے موسم میں اے سی چلانے کے لیے کون سا موڈ بہترین ہے اور اے سی چلاتے وقت کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے؟
 
مون سون میں اے سی کا ڈرائی موڈ آپ کا ساتھی :
 
برسات کے موسم میں ہوا میں نمی کی سطح بہت زیادہ ہوتی ہے۔ جس کی وجہ سے گھر کے اندر بھی نمی رہتی ہے۔ ایسی صورتحال میں اگر آپ اے سی چلاتے ہیں تو کول موڈ کے بجائے ڈرائی موڈ استعمال کرنا زیادہ فائدہ مند ہے۔ 
 
ڈرائی موڈ، جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، ہوا میں موجود اضافی نمی کو کم کرکے کمرے کے درجہ حرارت کو برقرار رکھتا ہے۔ 
 
یہ نا صرف کمرے میں ٹھنڈک لاتا ہے بلکہ نمی کو بھی دور کرتا ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کول موڈ مکمل طور پر بیکار ہے۔ اگر بارش کم ہو اور ہوا میں نمی زیادہ نہ ہو تو آپ کول موڈ استعمال کر سکتے ہیں۔
 
ان باتوں کو بھی ذہن میں رکھیں:
 
بارش کے موسم میں اے سی کا درجہ حرارت بہت کم نہ رکھیں۔ باہر کی ہوا ٹھنڈی  ہوتی ہے، اس لیے بہت ٹھنڈا کمرہ آپ کے جسم کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ 24 سے 26 ڈگری سیلسیس کا درجہ حرارت آپ کے لیے کافی آرام دہ ہو سکتا ہے۔
 
فلٹر کی باقاعدگی سے صفائی:
 
اے سی فلٹر کو وقتاً فوقتاً صاف کرتے رہیں۔ اس سے نا صرف اے سی کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے بلکہ کمرے میں ہوا بھی صاف رہتی ہے۔
 
ہوا کی گردش کو برقرار رکھیں:
 
اے سی چلاتے وقت کمرے میں ہوا کی گردش کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ کچھ دیر کھڑکیاں کھول کر تازہ ہوا کو اندر آنے دیں۔
 
اے سی کو سارا دن چلانے کے بجائے وقتاً فوقتاً بند کریں ، ضرورت کے مطابق ہی استعمال کریں۔ کچھ دیر کے لیے سوئچ آف کرنے سے بجلی کی بچت ہوگی۔
 
ان آسان ٹپس کو اپنا کر آپ بارش کے موسم میں اے سی کا صحیح استعمال کر سکتے ہیں اور خود کو بیمار ہونے سے بچا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بجلی کے بل میں بھی کمی آئے گی۔