میرپور سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے 47.3 اوورز میں 274 رنز بنائے ، پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت 46 گیندوں پر 75 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کے سلمان علی آغا نے 64، محمد رضوان نے 44، صاحبزادہ فرحان نے 31 رنز کی اننگ کھیلی، فہیم اشرف 14، عبدالصمد 11، حسین طلعت 9، شمائل حسین 6 ، کپتان شاہین آفریدی 3 اور محمد وسیم جونیئر ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مہدی حسن میراز نے 2، ناہید رانا، مستفیض الرحمان اور تسکین احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کےتعاقب میں بنگلہ دیش نے اننگ کا آغاز کیا تو ساتویں اوور میں بارش نے آن لیا جس کے باعث میچ روک دیا گیا، بعدازاں ڈی ایل ایس میتھڈ کے ذریعے میچ 32 اوور تک محدود کر دیا گیا اور بنگلہ دیش کو 32 اوور میں 243 رنز کا ہدف دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کیخلاف میچ کے دوران حسین طلعت بری طرح زخمی
بنگلہ دیش کی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 114 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، بنگلہ دیش کے لٹن داس 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، توحید ہریدوئے نے 28، عفیف حسین نے 14 اور سیف حسن نے 12 رنز کی اننگ کھیلی۔
میزبان بنگلہ دیش کے تنزید حسن اور مہدی حسن میراز ایک، ایک، رشاد حسین 2، مستفیض الرحمان 4 رنز ہی بنا سکے جبکہ نجم الحسن شانتو بغیر کھاتہ کھولے ہی شاہین آفریدی کا شکار بن گئے۔
پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت اور حارث رؤف نے 3،3 ، کپتان شاہین آفریدی نے 2 جبکہ محمد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔