پہلا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقا کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی
پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
فوٹو بشکریہ کرکٹ ویب سائٹ
فیصل آباد: (سنو نیوز) پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقا کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا گیا 264 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر49.4 اوورز میں پورا کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا 62 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگ میں ایک چھکا اور 5 چوکے شامل تھے، محمد رضوان 55، فخر زمان 45، صائم ایوب 39 جبکہ حسین طلعت 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بابر اعظم 7 اور حسن نواز ایک رن بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے۔

میزبان پاکستان کے محمد نواز 9 رنز بنا پر پویلین چلتے بنے جبکہ کپتان شاہین آفریدی نے 4 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگڈی ، ڈونوون فریرا اور کوربن بوش نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جارج لنڈے اور بورن فورٹین نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقا کی ٹیم 49 اوورز میں 263 رنز بنا سکی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کوانٹن ڈی کوک اور لووان پریٹوریئس نے اننگ کا آغاز کیا اور98 رنز کی شراکت قائم کی تاہم لووان پریٹوریئس 57 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ کوانٹن ڈی کوک 63 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے کپتان میتھیو بریٹزکی نے 42 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ کوربن بوش 41 رنز بنا کر پاکستانی کپتان شاہین آفریدی کا شکار بنے، افریقی بیٹر سنتھمبا کشائل 22 اور ٹونی ڈی زورزی 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کے پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، ڈنوون فریرا 3، جارج لنڈے 2 اور لیزاڈ ولیمز ایک رن بنا کر چلتے بنے جبکہ بورن فورچون بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ صائم ایوب نے 2 ، کپتان شاہین آفریدی اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، کپتان شاہین آفریدی پاکستان کے سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جو 55 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ ہی لے سکے۔