فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مہمان ٹیم جنوبی افریقا 49 اوورز میں 263 رنز بنا سکی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کوانٹن ڈی کوک اور لووان پریٹوریئس نے اننگ کا آغاز کیا اور98 رنز کی شراکت قائم کی تاہم لووان پریٹوریئس 57 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ کوانٹن ڈی کوک 63 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے کپتان میتھیو بریٹزکی نے 42 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ کوربن بوش 41 رنز بنا کر پاکستانی کپتان شاہین آفریدی کا شکار بنے، افریقی بیٹر سنتھمبا کشائل 22 اور ٹونی ڈی زورزی 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کے پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، ڈنوون فریرا 3، جارج لنڈے 2 اور لیزاڈ ولیمز ایک رن بنا کر چلتے بنے جبکہ بورن فورچون بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ صائم ایوب نے 2 ، کپتان شاہین آفریدی اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، کپتان شاہین آفریدی پاکستان کے سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جو 55 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ ہی لے سکے۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی پہلی بار ہوم سیریز میں قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، جنوبی افریقا کی جانب سے تین کھلاڑیوں نے ون ڈے ڈیبیو کیا ہے جبکہ ڈیوالڈ بریوس کندھے کی انجری کے باعث ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔