جان سینا کا الوداعی مقابلہ کب ہو گا؟ تاریخ کا اعلان ہوگیا
John Cena farewell match
فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (WWE) نے لیجنڈری ریسلر جان سینا کے آخری میچ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

دنیا بھر میں لاکھوں مداحوں کے پسندیدہ ریسلر جان سینا 13 دسمبر 2025ء کو واشنگٹن ڈی سی کے کیپیٹل ون ارینا میں اپنے الوداعی مقابلے کیلئے رِنگ میں اتریں گے۔

48 سالہ جان سینا نے رواں سال اعلان کیا تھا کہ 2025ء ان کے کیریئر کا آخری سال ہوگا،اور اس وقت وہ دنیا بھر میں اپنے فیئر ویل ٹور پر ہیں۔

اس دوران انہوں نے ریسل مینیا 41 میں تاریخ رقم کرتے ہوئے 17ویں مرتبہ ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کیا اور WWE کی تاریخ کا سب سے کامیاب اسٹار بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

ذہن نشین رہے کہ سینا کے شاندار کیریئر میں 16 مرتبہ ورلڈ چیمپئن شپ کے ساتھ ساتھ 5 مرتبہ یو ایس چیمپئن شپ، 2 رائل رمبل فتوحات اور بے شمار تاریخی مقابلے شامل ہیں۔ ان کی رائیولریز نے جدید ریسلنگ کو نئی پہچان دی اور دنیا بھر کے شائقین کو یادگار لمحات فراہم کیے۔

جان سینا نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں آخری مقابلے کے حوالے سے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ون لاسٹ ڈانس، فائنل فائنل 13/12/25۔

اگرچہ اب تک ان کے حریف کا اعلان نہیں کیا گیا، مگر ماہرین کے مطابق یہ میچ WWE کی تاریخ کے سب سے زیادہ جذباتی اور یادگار مقابلوں میں شمار ہوگا۔

ریسلنگ پر تجزیہ کرنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ الوداعی میچ نہ صرف WWE کیلئے بلکہ دنیا بھر کے ریسلنگ شائقین کیلئے بھی ایک تاریخی لمحہ ثابت ہوگا۔