پاکستان کو بنگلادیش کے ہاتھوں دوسرے ٹی 20 میں بھی شکست
 بنگلا دیش نے تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی شاہینوں کو دھول چٹا دی۔
فوٹو بشکریہ کرکٹ ویب سائٹ
میرپور: (سنو نیوز) بنگلا دیش نے تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی شاہینوں کو دھول چٹا دی۔

میرپور سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 125 رنز ہی بنا سکی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی، 50 سے بھی کم رنز پر پاکستان کی آدھی سے زائد ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، صرف فہیم اشرف نے بنگلادیشی باؤلرز کی خلاف مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی 51 رنز پر ہمت ہار گئے۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 19، احمد دانیا نے 17 اور خوشدل شاہ نے 13 رنز کی اننگ کھیلی، فخر زمان 8، صائم ایوب ایک، کپتان سلمان علی آغا 9 رنز ہی بنا سکے، محمد حارث، حسن نواز اور محمد نواز بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔

بنگلا دیش کی جانب سے شریف الاسلام نے 3، مہدی حسن اور تنظیم حسن ثاقب نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ رشاد حسین اور مستفیض الرحیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹی 20، بنگلا دیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

قبل ازیں بنگلا دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز بنائے، بنگلا دیش کے جاکر علی 55 رنز بنا کر نمایاں رہے، مہدی حسن نے 33 اور پرویز حسین نے 13 رنز سکور کیے۔

میزبان بنگلا دیش کے 6 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، محمد نائم نے 3، کپتان لٹن داس نے 8، شمیم حسین نے ایک، تنظیم حسن ثاقب نے 7، رشاد حسین نے 8 اور شریف الاسلام نے ایک رن بنایا۔

پاکستان کیجانب سے سلمان مرزا، احمد دانیال اور عباس آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کی جبکہ فہیم اشرف اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ بنگلا دیش نے تین ٹی 20 میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔