
ڈھاکہ کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 11 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے شاندار کھیل پیش کیا اور 3 وکٹوں پر ہدف حاصل کر کے فتح اپنے نام کر لی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے پرویز حسین نے 39 گیندوں پر 56 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 5 چھکے اور تین چوکے شامل تھے، توحید ہریدوئے 37 گیندوں پر 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، کپتان لٹن داس اور تنزید حسن ایک، ایک رن ہی بنا پائے، جاکر علی 10 گیندوں پر 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں بنگلہ دیش نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 111 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 2 جبکہ عباس آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں پاکستان ٹیم اپنی اننگ کا آغاز اچھا نہ کر سکی، میچ کے آغاز میں ہی پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔
پاکستان کی جانب سے صرف فخر زمان ہی جم کر کھیل سکے، انہوں نے 34 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے، عباس آفریدی 22 جبکہ خوشدل شاہ 17 رنز ہی بنا سکے۔
مہمان ٹیم پاکستان کے پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، اوپنر صائم ایوب 6، محمد حارث 4، کپتان سلمان علی آغا اور حسن نواز 3،3 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے جبکہ تین کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، مستفیض الرحمان نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مہدی حسن میرزا اور تنظیم حسن ثاقب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔