
آسٹریلوی کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے بین ڈنک نے سنو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ہر دورہ ان کے لیے یادگار رہا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی عوام نے انہیں جس محبت، احترام اور خلوص سے نوازا، وہ قابلِ تعریف ہے۔ ان کا کہنا تھا: "مجھے پاکستان میں بے پناہ محبت ملی، جو زندگی بھر یاد رہے گی۔"
انہوں نے پاکستانی شائقین کی جوش و خروش سے بھرپور حمایت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان کے لوگ کرکٹ سے جنون کی حد تک محبت کرتے ہیں، اور یہی جذبہ انہیں بے حد متاثر کرتا ہے۔ ان کے مطابق، پاکستان میں لوگوں کا جذبہ، کرکٹ سے محبت اور کھلاڑیوں کے لیے عزت بے مثال ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹی 20: بنگلا دیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
بین ڈنک نے پاکستانی کھانوں کو بھی دل سے سراہا اور کہا کہ وہ پاکستانی کھانے بہت شوق سے کھاتے ہیں، خصوصاً دیسی پکوان انہیں بہت پسند آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ثقافت، کھانے، اور لوگوں کا طرزِ زندگی بہت منفرد اور متاثر کن ہے۔
گفتگو کے دوران انہوں نے پاکستان کے مایہ ناز کرکٹرز محمد حفیظ اور شاہد آفریدی کے ساتھ اپنی دوستی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دونوں کھلاڑی نہ صرف میدان میں بہترین ہیں بلکہ ذاتی طور پر بھی بہت شاندار انسان ہیں۔ "محمد حفیظ اور شاہد آفریدی میرے اچھے دوست ہیں"۔
ایک دلچسپ بات انہوں نے یہ بھی بتائی کہ ان کا ببل گم چبانے کا انداز پاکستان میں کافی مشہور ہو گیا ہے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا میرا ببل گم پاکستان میں بہت مشہور ہوگیا۔ شائقین نے ان کے میچز کے دوران بار بار چیونگم چبانے کو خاص طور پر نوٹ کیا، جو ان کے لیے حیرت انگیز مگر خوشگوار تجربہ تھا۔