
ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) سے درخواست کی ہے کہ 24 جولائی کو ڈھاکہ میں منعقد ہونے والے اجلاس کا مقام تبدیل کیا جائے کیونکہ موجودہ حالات میں بھارت نے بنگلہ دیش میں اجلاس میں شمولیت سے گریز کا عندیہ دیا ہے۔
مزیدبرآں بی سی سی آئی نے حالیہ دنوں میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنی مجوزہ سیریز بھی ایک دفعہ ملتوی کر دی ہے جس کے بعد اے سی سی اجلاس کی میزبانی پر سوالات اٹھنا شروع ہوگئے ہیں۔ بھارتی بورڈ نے سلامتی اور سیاسی وجوہات کو بنیاد بناتے ہوئے اجلاس کے مقام کی تبدیلی پر بھرپور زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے نشریاتی ادارے اور اسپانسرز نے بی سی سی آئی پر زور دیا ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں مکمل شرکت کرے اور خاص طور پر پاکستان کے خلاف میچ میں حصہ لے۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کا پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان
ایشیا کپ 2025ء ستمبر میں منعقد ہونے کا امکان ہے جبکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ 7 ستمبر کو شیڈول کیا گیا ہے۔ اگر حالات سازگار نہ ہوئے تو بی سی سی آئی نے متحدہ عرب امارات کو متبادل میزبان کے طور پر تجویز کیا ہے جہاں دبئی، شارجہ اور ابوظہبی ممکنہ مقامات ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان 2012تا13 کے بعد کوئی باہمی سیریز نہیں کھیلی گئی۔ دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی اور ایشیا کپ جیسے عالمی ٹورنامنٹس میں مقابل آتی رہی ہیں۔ موجودہ سیاسی کشیدگی کے باعث بھارت میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات ختم کرنے کی آوازیں بھی بلند ہو رہی ہیں۔
اے سی سی کی جانب سے بی سی سی آئی کو جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ٹورنامنٹ کے شیڈول اور مقام کو حتمی شکل دی جا سکے۔