
آندرے رسل آسٹریلیا کے خلاف اپنے آبائی میدان سبائنا پارک جمائیکا میں ہونے والے ابتدائی دو ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد ریٹائرمنٹ حاصل کر یں گے۔
واضح رہے کہ 37 سالہ رسل 2019 سے صرف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کر رہے تھے۔ انہوں نے اب تک 84 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچز کھیلے جبکہ ایک ٹیسٹ اور 56 ون ڈے میچز بھی ان کے کیریئر کا حصہ رہے۔ وہ 2012 اور 2016 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لارڈز ٹیسٹ، بھارت کو سنسنی خیز مقابلے بعد انگلینڈ کے ہاتھوں شکست
مزیدبرآں ریٹائرمنٹ کے موقع پر آندرے رسل نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری کیفیت الفاظ میں بیان نہیں ہو سکتی کہ ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنا میرے لیے کیا معنی رکھتا ہے۔ یہ میری زندگی کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے۔ جب میں چھوٹا تھا تو کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اس سطح تک پہنچوں گا لیکن جب کھیلنا شروع کیا اور اس سے محبت ہوئی تو اندازہ ہوا کہ کیا کچھ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ یہی جذبہ مجھے بہتر بننے کی طرف لے گیا کیونکہ میں چاہتا تھا کہ میرون رنگ میں کھیلتے ہوئے لوگوں کے ذہنوں میں اپنا ایک یادگار نقش چھوڑوں اور دوسروں کے لیے مثال بنوں۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے رسل کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ کوچ ڈیرن سیمی نے کہا کہ رسل ایک بہادر، پیشہ ور اور جذبے سے بھرپور کھلاڑی تھے جنہوں نے ہمیشہ ٹیم کے لیے دل و جان سے کھیل پیش کیا۔
یاد رہے کہ آندرے رسل کی ریٹائرمنٹ آئندہ سال بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے سات ماہ قبل سامنے آئی ہے جس پر مداحوں نے افسوس اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔