
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی، گلیڈی ایٹرز یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے، گلیڈی ایٹرز کی جانب سے صرف کپتان سعود شکیل ڈٹ کر کریز پر کھڑے رہے لیکن دوسرے اینڈ پر کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سعود شکیل 33 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محمد عامر نے 30 رنز کی اننگ کھیلی، کشال مینڈس صرف 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فن ایلن 6، ابرار احمد 5،فہیم اشرف اور سین ایبٹ 3 ، 3 جبکہ حسن نواز، خواجہ نافع اور ریلے روسو ایک، ایک رن بنا کر چلتے بنے۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 3 ، محمد نبی اور عباس آفریدی نے 2،2 جبکہ میر حمزہ اور عامر جمال نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔
کنگز کی جانب سے جیمز وینس نے ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 70 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، کپتان ڈیوڈ وارنر 31، اوپنر ٹم سائفرٹ 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کراچی کنگز کے عرفان خان 17 اور محمد نبی 18 رنز بنا سکے جبکہ محمد ریاض اللہ6 اور خوشدل شاہ ایک رن بنا کر چلتے بنے، عامر جمال ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر اور علی ماجد نے 2،2 جبکہ سین ایبٹ، ابرار احمد اور کپتان سعود شکیل نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین راہ دکھائی۔