پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دیدی
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے  پشاور زلمی  کو جیت  کیلئے 244  رنز کا ہدف دے دیا۔
فوٹو بشکریہ فیس بک
راولپنڈی: (سنو نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دیدی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 244 رنز کا ہدف دیا جبکہ زلمی کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 141 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئی یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 102 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور بیٹرز یکے بعد دیگر وکٹیں گنواتے رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد حارث 87 رنز بنا کر نمایاں رہے ، حسین طلعت 13 اور مچل اوون 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، زلمی کے 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

کپتان بابر اعظم ایک، صائم ایوب 6، ٹام کوہلر 8، الزاری جوزف 2 ، صفیان مقیم ایک اور محمد علی 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ جارج لنڈے بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے، علی رضا ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 3، بین ڈیورسیئس اور شاداب خان نے 2،2 جبکہ نسیم شاہ، جیسن ہولڈر اور سعد مسعود نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

قبل ازیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 52 گیندوں پر 106 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 5 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے، کولن منرو 40، سلمان آغا 30 اور اعظم خان 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

جیسن ہولڈر20،بین ڈورشیس18 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے جبکہ آندرے گوس بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے الزاری جوزف اور حسین طلعت نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔