
راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے شاندار مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ابتدا ہی سے مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جو بعد ازاں ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا۔ کوئٹہ کے بلے بازوں نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز کا بڑا اسکور بورڈ پر سجادیا۔
کپتان سعود شکیل نے 59 رنز کی جاندار اننگز کھیلی، فن ایلن 53، حسن نواز 41، کوسال مینڈس 35 اور رائیلی روسو 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ زلمی کی جانب سے علی رضا، الزاری جوزف اور سفیان مقیم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام نظر آئی، اور پوری ٹیم 16ویں اوور میں 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
صائم ایوب 50 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بیٹر رہے جبکہ حسین طلعت نے 35 اور مچل اووین نے 31 رنز بنائے۔ محمد حارث 13 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت دکھا سکے، لیکن باقی بیٹرز دوہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر اور عثمان طارق نے 2،2 جبکہ کائل جمیسن نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ کوئٹہ کی اس بڑی فتح نے ایونٹ میں ان کی پوزیشن مستحکم کر دی ہے۔



