چیمپئنز ٹرافی: بھارتی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا
Jasprit Bumrah Injury
فائل فوٹو
نئی دہلی:(ویب ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہی انڈین کرکٹ ٹیم کو ایک بڑا دھچکا لگنے کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق انڈین بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کمر کی تکلیف کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے وہ گروپ میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ بمراہ کو حالیہ بورڈر گواسکر ٹرافی کے دوران سڈنی ٹیسٹ کے دوران کمر میں تکلیف کی شکایت ہوئی تھی اور اب ان کی کمر میں سوجھن کی تشخیص بھی ہوئی ہے،جس کے باعث جسپریت بمراہ کی ٹورنامنٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

فاسٹ بولر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی بنگلورو میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جہاں ان کی مکمل فٹنس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ سلیکشن کمیٹی کو بمراہ کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور انہیں انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کے اسکواڈ سے بھی باہر رکھا گیا ہے۔ 

خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے اسکواڈ جمع کرانے کی حتمی تاریخ میں توسیع کی درخواست کی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے اسکواڈ جمع کرانے کی آخری تاریخ آج ہے، مگر سلیکٹرز بمراہ کی فٹنس رپورٹس کا انتظار کر رہے ہیں اور ٹورنامنٹ کے قریب اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔ 

دوسری جانب بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ جسپریت بمراہ مارچ کے پہلے ہفتے تک مکمل فٹ ہو سکتے ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ 2 مارچ کو دبئی میں نیوزی لینڈ کیخلاف اپنا آخری گروپ میچ کھیل سکیں گے یا نہیں۔