24 سالہ عبداللہ شفیق ایک ون ڈے سیریز کے تمام میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے والے پہلے اوپنر بن گئے ہیں۔ جنوبی افریقا کے خلاف تین میچز کی سیریز میں عبداللہ شفیق مسلسل ناکام رہے اور کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹتے رہے۔
عبداللہ شفیق نے ایک اور ناپسندیدہ اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ وہ ایک سال میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل ڈکس حاصل کرنے والے پاکستانی اوپنر بن گئے۔ سال 2024 میں انہوں نے 21 اننگز میں 7 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔
اس سے قبل عمران نذیر سال 2000 اور محمد حفیظ سال 2012 میں 6، 6 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔ عالمی سطح پر سب سے زیادہ انٹرنیشنل ڈکس کا ریکارڈ جنوبی افریقا کے ہرشل گبز اور سری لنکا کے تلکارتنے دلشان کے پاس ہے جو ایک سال میں 8 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ عبداللہ شفیق کی حالیہ کارکردگی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، خصوصاً اوپننگ بیٹنگ کے شعبے میں بہتری کی ضرورت مزید واضح ہوگئی ہے اور عوامی سطح پر فخر زمان کو دوبارہ ٹیم میں شامل کرنے کی صدائیں شدت اختیار کرنے لگیں ہیں۔