وہاب ریاض کی پھر واپسی، بڑا عہدہ مل گیا
Pakistan Cricket Board (PCB) appointed former fast bowler Wahab Riaz as the director of the domestic tournament
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کا ڈائریکٹر مقرر کر دیا۔

سابق چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کردار چیمپئنز ٹورنامنٹس، چیمپئنز ون ڈے کپ، چیمپئنز ٹی 20 کپ، اور چیمپئنز فرسٹ کلاس کپ سے متعلق معاملات کو سنبھالنا ہوگا جو رواں سال کے شروع میں متعارف کروایا گیا تھا۔

وہاب ریاض کو سلیکشن کمیٹی سے ہٹائے جانے کے فوری بعد ٹیم کے سینئر منیجر کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا تھا، اس وقت دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہاب ریاض اور منصور رانا کو قومی ٹیم میں نظم و ضبط برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے ہٹایا گیا۔

بعدازاں سابق فاسٹ بولر نے کہا تھا کہ وہ بہت کچھ کہہ سکتے ہیں لیکن بلیم گیمز کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ وہاب ریاض نے کہا تھا کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر میری خدمات ختم ہوگئیں، میں ایمان اور خلوص کے ساتھ جس کھیل کو پسند کیا اس کی خدمت کی اور پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے 100 فیصد دیا  ہے۔

اس سے قبل وہاب ریاض کو سلیکشن کمیٹی کا ممبر اور آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا منیجر مقرر کیا گیا تھا۔ انہیں منصور رانا کے ساتھ میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کی مایوس کن مہم کے چند دن بعد ہی پی سی بی نے برطرف کر دیا تھا۔