شکیب الحسن کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
Shakibul Hasan announced his retirement from international cricket
ڈھاکہ:(ویب ڈیسک)بنگلادیش کے سابق کپتان اور مشہور آل راؤنڈر شکیب الحسن نے مارچ 2025ء میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
 
 شکیب نے اس فیصلے کے بارے میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور سلیکشن کمیٹی کو آگاہ کر دیا ہے، جنہوں نے اس پر اتفاق کیا ہے۔
 
قانونی مسائل اور شکیب کی وطن واپسی:
 
شکیب الحسن پر ایک گارمنٹس فیکٹری کے ملازم کے قتل کا الزام ہے، جو ڈھاکہ میں اگست 2024 ء میں پیش آیا تھا۔ اس مقدمے میں شکیب سمیت 155 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
 
 شکیب کے خلاف یہ مقدمہ 22 اگست کو مقتول کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ ملک میں سیاسی عدم استحکام کے بعد سے شکیب اپنے وطن واپس نہیں آئے ہیں اور ان کی واپسی کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
 
جنوبی افریقا کے خلاف کھیلنے کی خواہش:
 
شکیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ میرپور میں 2 ٹیسٹ میچ کھیل کر اپنے ٹیسٹ کیریئر کا اختتام کرنا چاہتے ہیں۔ اگر یہ ممکن نہ ہو سکا تو شکیب نے عندیہ دیا ہے کہ ان کا موجودہ پروگرام ہی ان کا آخری ہوگا۔
 
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا موقف:
 
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے آپریشنز سربراہ شہریار نفیس کا کہنا ہے کہ شکیب کی ہوم سیریز میں شرکت کے حوالے سے کوئی خاص مشکلات نہیں ہوں گی۔ حکومت کی جانب سے بھی یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ کسی کھلاڑی کو غیر منصفانہ طور پر ہراساں نہیں کیا جائے گا۔
 
شکیب الحسن کا ون ڈے اور ٹی20 کیریئر:
 
شکیب الحسن پہلے ہی جون 2024 ءمیں اپنے ٹی20 کیریئر سے متعلق ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔ وہ فروری 2025 ء میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے دوران اپنے آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے۔ شکیب نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی ان کی آخری ون ڈے سیریز ہوگی اور وہ ریٹائرمنٹ سے قبل 8 مزید ون ڈے میچز کھیلیں گے۔