دی ہنڈریڈ 2024 ءمیں محمد عامر کی شاندار باؤلنگ
Image
برمنگھم :(ویب ڈیسک)پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے دی ہنڈریڈ 2024 ءکے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن اوول انوِنسیبلز کے لیے برمنگھم فینکس کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی۔ 32 سالہ محمد عامر نے 15 گیندوں پر 2 وکٹیں حاصل کیں اور صرف 7 رنز دیے، جبکہ کوئی بھی باؤنڈری نہیں دی۔
 
تاہم، اس بات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ آیا عامر دی ہنڈریڈ کے باقی میچوں میں بھی کھیلیں گے یا نہیں؟
 
 انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) کی 20 جولائی کی پریس ریلیز کے مطابق، عامر کو اوول انوِنسیبلز کے لیے صرف ایک میچ کھیلنا تھا، جو کہ آسٹریلوی فاسٹ باؤلر اسپینسر جانسن کی جگہ پر تھا۔
 
جانسن 2024 ءمیجر لیگ کرکٹ (MLC) میں ایل اے نائٹ رائیڈرز کے ساتھ تھے اور 24 جولائی کو انوِنسیبلز کے اگلے میچ کے لیے شامل ہوں گے۔ ایل اے نائٹ رائیڈرز MLC 2024 کے پلے آف میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔
 
دی ہنڈریڈ کے پہلے میچ کے بارے میں بات کریں تو فینکس نے بیٹنگ کا انتخاب کیا، لیکن انوِنسیبلز کی منظم باؤلنگ کے سامنے جدوجہد کرتے ہوئے 81 گیندوں پر صرف 89 رنز بنا پائے، جبکہ 19 گیندیں باقی تھیں۔
 
رشی پٹیل (25)، بینی ہاؤل (24)، اور جیکب بیٹھل (22) وہ بلے باز تھے جنہوں نے کچھ مزاحمت کی، جبکہ باقی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
 
محمد عامر نے باؤلنگ میں بہترین کارکردگی دکھائی، انہوں نے 15 گیندوں میں صرف 7 رنز دے کر ڈین ماؤسلی (1) اور کپتان معین علی (1) کی وکٹیں حاصل کیں۔
 
ان کی شاندارباؤلنگ کا ساتھ ایڈم زامپا نے دیا، جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کر کے فینکس کی بیٹنگ لائن کو مزید نقصان پہنچایا۔
 
جواب میں، دفاعی چیمپئنز نے آسانی سے ہدف حاصل کر لیا، صرف دو وکٹیں کھو کر 69 گیندوں میں فتح حاصل کی۔
 
کپتان سیم بلنگز نے 31 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ ڈیوڈ ملان 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور تواںدا مویے نے کامیاب تعاقب میں 23 رنز کا تعاون کیا۔
 
ایڈم زامپا کو ان کی شاندار بولنگ کارکردگی کے لیے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔