شہیر آفریدی نے بھارتی باکسر کو شکست دے دی
Image
بنکاک:(ویب ڈیسک) تھائی لینڈ میں ہونے والے پروفیشنل باکسنگ مقابلے میں پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے بھارتی باکسر رونت سولنکی کو شکست دے کر پروفیشنل مڈل ویٹ کیٹیگری کے ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
 
 شہیر آفریدی نے تیسرے راؤنڈ میں رونت سولنکی کو ناک آؤٹ کر کے یہ کامیابی حاصل کی۔
 
مقابلے کا پہلا راؤنڈ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا، جبکہ دوسرے راؤنڈ میں شہیر آفریدی نے بھارتی باکسر پر بھرپور حملے کر کے اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔
 
 تیسرے راؤنڈ کے آخری منٹ میں شہیر آفریدی نے ایک زبردست مکا مار کر بھارتی باکسر کو لڑکھڑا دیا، جس کے بعد ریفری نے رونت سولنکی کو ناک آؤٹ قرار دے کر شہیر آفریدی کو فاتح قرار دیا۔
 
شہیر آفریدی نے اس کامیابی کے بعد کہا کہ وہ پروفیشنل مڈل ویٹ کیٹیگری کے ایشین چیمپئن بن گئے ہیں۔
 
 ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پہلے ہی اے بی ایف اور ڈبلیو بی سی ایشیا کے ٹائٹل جیت چکے ہیں، اور اب پاکستان کے لیے بیک وقت تین ایشین ٹائٹل جیتنے والے باکسرز کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔