بھارت اور جنوبی افریقا ورلڈ کپ فائنل میں مدمقابل، کون جیتے گا بازی؟
Image
بارباڈوس:(ویب ڈیسک) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے نویں ایڈیشن کا فائنل مقابلہ بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان اتوار کو بارباڈوس میں ہونے جا رہا ہے۔
 
 بھارت نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ جنوبی افریقا نے افغانستان کو شکست دے کر اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔
 
بھارتی ٹیم کی کارکردگی اس ورلڈ کپ میں بے مثال رہی ہے۔ جسپریت بمراہ کی نپی تلی باؤلنگ، اکشر پٹیل کی گھومتی گیندیں اور کلدیب یادیو کی اسپن نے حریف بلے بازوں کو پریشان کر رکھا ہے۔
 
 فیلڈنگ میں بھی بھارتی ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ تاہم وراٹ کوہلی کی خراب فارم کپتان روہت شرما کے لیے پریشانی کا باعث ہو سکتی ہے۔ 
 
روہت شرما کی جارحانہ بلے بازی اور سوریا کمار یادیو کی فارم نے بھارت کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
 
 دیکھنا یہ ہو گا کہ فائنل میں بھارت اسی کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اُترے گا یا وراٹ کوہلی کی جگہ یشسوی جیسوال کو شامل کیا جائے گا۔
 
دوسری جانب جنوبی افریقا کی ٹیم بھی ناقابلِ شکست رہتے ہوئے فائنل تک پہنچی ہے۔ 
 
ماضی میں ناک آؤٹ مراحل میں خراب کارکردگی کی وجہ سے 'چوکرز' کہلانے والی یہ ٹیم اس ورلڈ کپ میں بہترین فارم میں ہے۔
 
 اوپنر کوئنٹن ڈی کوک، ریضا ہینڈرکس اور کپتان ایڈن مارکرم کی اچھی فارم نے ٹیم کو مضبوط بنایا ہے۔ 
 
باؤلنگ میں کگیسو ربادا، میکرو جینسن اور اینریک نورکیا کی پیس بیٹری بھی بھرپور فارم میں ہے، جبکہ کیشو مہاراج اور تبریز شمسی کی اسپن باؤلنگ کا جادو بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔
 
اتوار کو ہونے والے فائنل میں ماہرین کانٹے کے مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں کی کارکردگی اور موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے یہ پیش گوئی کرنا مشکل ہے کہ کون بازی لے جائے گا۔
 
بھارت اور جنوبی افریقا کا ورلڈ کپ تک کا سفر:
 
بھارت نے پہلے راؤنڈ میں کینیڈا، پاکستان، امریکا اور آئرلینڈ کو شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنائی۔ 
 
سپر ایٹ مرحلے میں بھارت نے آسٹریلیا، افغانستان اور بنگلا دیش کو شکست دی اور ناقابلِ شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔
 
جنوبی افریقا نے گروپ اسٹیج میں نیپال، بنگلا دیش، نیدرلینڈز اور سری لنکا کو ہرایا۔
 
 سپر ایٹ میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز، امریکہ اور انگلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔
 
اتوار کو بارباڈوس میں ہونے والا یہ فائنل مقابلہ کرکٹ کے شائقین کے لیے یقینی طور پر ایک یادگار لمحہ ہو گا۔
 
 دونوں ٹیمیں بہترین فارم میں ہیں اور ٹرافی کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کس ٹیم کی محنت رنگ لاتی ہے اور کون اس شاندار مقابلے کا فاتح بنتا ہے۔