شدید گرمی سے کرکٹر کا انتقال،کھلاڑیوں کو احتیاط برتنے کی سخت ہدایت
Image
ابوظہبی :(ویب ڈیسک) امریکا ویسٹ انڈیز میں جاری کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران افسوسناک خبر سامنے آئی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں شدید گرمی کے باعث ایک کرکٹر انتقال کر گیا ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق، بھارتی تارک وطن مندیپ سنگھ، جو پچھلے 15 سال سے امارات میں مقیم تھے اور فلائی دبئی کے ملازم تھے، سخت گرمی کے دوران کرکٹ کھیلتے ہوئے انتقال کر گئے۔
 
 جمعرات کی رات شارجہ کے گراؤنڈ میں دبئی سُپر کنگز اور ٹائٹنز کے درمیان میچ جاری تھا، جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
 
اس واقعے کے بعد ڈاکٹرز اور کرکٹ کوچز نے کھلاڑیوں کو گرم موسم میں احتیاط برتنے کی سخت ہدایات دی ہیں۔ 
 
وژن کرکٹ گراؤنڈ انتظامیہ کے مطابق، ٹورنامنٹ کے دوران گراؤنڈ کرایہ پر دیا گیا تھا، لیکن شدید گرمی میں کھیلنا خطرناک ثابت ہوا۔
 
ماہرین کرکٹ اور کوچ گوپال جسپرا کا کہنا ہے کہ ایسے موسم میں آؤٹ ڈور کرکٹ نہیں کھیلنی چاہیے اور کرکٹ کو رات کے وقت ہی منعقد کرنا بہتر ہے۔ گرم موسم میں کرکٹ کھیلنا کھلاڑیوں کی جان کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
 
برجیل رائل اسپتال کے اسپیشلسٹ انٹرنل میڈیسن ڈاکٹر احمد محمد عبدالرزاق نے بھی اس حوالے سے کہا کہ کھلاڑی شدید گرمی کی تھکن کا شکار ہو سکتے ہیں، جس سے انہیں ورزش میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ 
 
ڈاکٹر نے مشورہ دیا کہ دن کے گرم ترین حصے میں کرکٹ کھیلنے سے گریز کریں اور اپنے جسمانی درجہ حرارت کو موسم کے مطابق تیار کریں۔