پشاور زلمی کرکٹ ٹیم کے بعد زلمی فٹبال کلب کی انٹری
Image
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان سپر لیگ کی صف اول کی کرکٹ فرنچائز پشاور زلمی کے اونر جاوید آفریدی اور "زلمی وینچرز" کی فٹبال میں بھی گرینڈ انٹری ہوگئی ہے۔

 زلمی فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی پہلی فٹبال لیگ میں زلمی فٹبال کلب کی ٹیم کی شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں، پاکستان فٹبال لیگ پاکستان میں فٹبال کے مستقبل کو تبدیل کرکے نئی بلندیوں پر لیجائے گی۔

 

جاوید آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ زلمی فٹبال کلب خیبر پختونخواہ اور پورے پاکستان میں فٹبال کے فروغ اور نیا ٹیلنٹ سامنے لانے میں بھرپور کردار ادا کرے گا، انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل فٹبال کلبز کے اشتراک سے پاکستان اور خصوصا خیبر پختونخواہ میں گراس روٹ لیول پر فٹبال ٹیلنٹ کی تلاش اور کوچنگ پر کام کریں گے۔

 

پشاور زلمی فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی نے مزید بتایا کہ زلمی فٹبال کلب کے حوالے سے جلد بڑے اعلانات کریں گے۔

 

یاد رہے کہ پاکستان کی پہلی فٹبال لیگ آج لاہور میں لانچ کی جارہی ہے جس کی تقریب کے دوران جاوید آفریدی نے زلمی فٹبال کلب کا اعلان کیا ہے۔ اسپینش فٹبال کلب اٹلیٹیکو میڈرڈ کے ارکان، شہرہ  آفاق فٹبالر مائیکل اوون، لیور پول کے مایہ ناز فٹبالر ایمیل ہیسکی اور پاسکل چمبونڈا پاکستان فٹبال لیگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچے ہیں۔