ڈیجیٹل شناختی کارڈ کو مکمل قانونی حیثیت مل گئی
NADRA digital ID card
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) قومی ڈیٹا بیس و رجسٹریشن اتھارٹی نادرا نے واضح کیا ہے کہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ قانونی طور پر فزیکل شناختی کارڈ کے برابر حیثیت رکھتا ہے، تمام سرکاری و نجی اداروں کو اسے بطور درست شناخت قبول کرنا ہوگا۔

نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بعض سرکاری دفاتر، مالیاتی ادارے اور دیگر تنظیمیں شہریوں سے ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے بجائے فزیکل کارڈ یا اس کی فوٹو کاپی طلب کر رہی ہیں، جو کہ مروجہ قانونی اور ضابطہ جاتی فریم ورک کیخلاف ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ نادرا آرڈیننس کے تحت ڈیجیٹل شناخت سے متعلق باقاعدہ ضوابط تشکیل دیے جا چکے ہیں جن کے مطابق ڈیجیٹل شناختی اسناد مکمل قانونی حیثیت رکھتی ہیں۔

نادرا کے مطابق متعلقہ ضوابط کی شق نو اور دس ڈیجیٹل شناختی دستاویزات کو قانونی طور پر درست شناخت قرار دیتی ہیں، ان ضوابط کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور غیر ضروری طور پر شناختی کارڈ کی فوٹو کاپیوں کے استعمال کو کم کرنا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈیجیٹل شناختی نظام کے ذریعے شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور شناختی معلومات کے غلط استعمال کی روک تھام میں بھی مدد ملتی ہے، جدید نظام کے تحت شہری اپنی شناخت محفوظ انداز میں مختلف خدمات کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاسپورٹ بنوانے والوں کیلئے اہم خبر

نادرا نے تمام سرکاری محکموں، عوامی و مالیاتی اداروں اور ٹیلی کام آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔

ادارے نے شہریوں کو بھی آگاہ کیا ہے کہ اگر کسی جگہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ قبول نہ کیا جائے تو وہ نادرا کے سرکاری شکایتی نظام کے ذریعے اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں