اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کیلئے بلاسود قرضوں کی منظوری
Apni Chhat Apna Ghar program
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت گھروں کی توسیع کیلئے بلاسود قرضوں کے اجراء کی باضابطہ منظوری دے دی۔

اس فیصلے کو عوام، خصوصاً جوائنٹ فیملی سسٹم میں رہنے والے خاندانوں کیلئے ایک بڑی سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اپنی چھت اپنا گھر پروجیکٹ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہاؤسنگ منصوبوں کی پیش رفت اور مستقبل کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب جوائنٹ فیملی میں رہنے والے افراد بھی اپنے موجودہ گھروں کی توسیع کیلئے اس پرو گرام کے تحت بلا سود قرض حاصل کر سکیں گے، جس سے رہائشی مسائل میں واضح کمی آنے کی توقع ہے۔

اجلاس میں جون 2026ء تک ایک لاکھ 60 ہزار گھر تعمیر کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا، جبکہ اپنی زمین اپنا گھر اسکیم کے تحت 1 ہزار 531 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کا انوویشن اینڈ ویلنَس فیسٹول

 

 

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

حکام نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب بھر میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اس وقت 53 ہزار 843 مکان زیر تعمیر ہیں، جو منصوبے کی تیز رفتار پیش رفت کا واضح ثبوت ہے۔ مزید بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک 164 ارب 66 کروڑ روپے کے ریکارڈ بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب کا عزم ہے کہ ہر خاندان کو باعزت اور محفوظ رہائش کی سہولت فراہم کی جائے اور اپنی چھت اپنا گھر پروگرام اسی وژن کا عملی اظہار ہے۔