معروف ادیب و کالم نگار منو بھائی مرحوم کی اہلیہ وفات پا گئیں
Munnu Bhai wife passes away
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف ادیب، کالم نگار، دانشور اور سندس فاؤنڈیشن کے چیئرمین منو بھائی مرحوم کی اہلیہ انتقال کر گئیں جس پر ادبی، صحافتی اور سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مرحومہ کے انتقال کی خبر سنتے ہی منو بھائی سے عقیدت رکھنے والوں میں سوگ کی لہر پھیل گئی۔

واضح رہے کہ منو بھائی کا شمار پاکستان کے ان چند صحافیوں اور ادیبوں میں ہوتا ہے جنہوں نے قلم کو سچ، جرأت اور انسانی اقدار کی ترجمانی کیلئے استعمال کیا۔

ان کا انتقال بلاشبہ ایک عہد کا خاتمہ تھا، کیونکہ وہ ایک سچے، کھرے اور بے باک ترقی پسند صحافی تھے۔ ان کی تحریروں نے سماج کے پسے ہوئے طبقات کی آواز بن کر سوچ کے نئے در وا کیے، سندس فاؤنڈیشن کے ذریعے انہوں نے تھیلیسیمیا جیسے مرض میں مبتلا بچوں کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔

مرحومہ کی نمازِ جنازہ ریواز گارڈن میں واقع منو بھائی پارک میں ادا کی گئی، جس میں ادبی و صحافتی حلقوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جنازے میں معروف اداکار سہیل احمد، سینئر صحافی طاہر سرور میر، یاسین خان، خالد عباس ڈار، عمران مہر، سندس فاؤنڈیشن کے سی سی او عبدالستار، عبداللہ ملک ایڈووکیٹ اور کاشف سمیت عزیز و اقارب، دوست احباب اور سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایران میں احتجاج خونی رخ اختیار کر گیا، ہزاروں افراد مارے گئے

شرکاء نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر ادبی شخصیات کا کہنا تھا کہ منو بھائی کی اہلیہ نے خاموشی سے ان کے مشن میں ساتھ دیا اور ہر مشکل مرحلے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

ادبی حلقوں کے مطابق منو بھائی کے بعد ان کی اہلیہ کا انتقال بھی ایک گہرے خلا کی مانند ہے، جو طویل عرصے تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔