ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے، دفعہ 144 کے تحت کسی بھی قسم کے احتجاج یا جلسے جلوس کی ہرگز اجازت نہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے متنبہ کیا گیا کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے انعقاد پر قانون فی الفور حرکت میں آئے گا، شہریوں سے اپیل ہے وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ مت بنیں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کل منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ جمعرات کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے تاہم انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی جس پر انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دے دیا، بعدازاں اپوزیشن اتحاد کے مشورے پر اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا ختم کردیا ۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کا اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کا اعلان
دریں اثناء پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ منگل کے روز تحریک انصاف کے پارلیمانی ارکان اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر احتجاج ریکارڈ کروائیں گے تاکہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز کی جلد شنوائی ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے بعد پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز اڈیالہ جیل کے باہر بھی احتجاج کریں گے، بانی پی ٹی آئی کو 4 نومبر سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، اہلخانہ اور پارٹی رہنماؤں کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی، بانی سے ملاقات کیلئے ہم نے ہر قانونی راستہ اپنایا اب احتجاج کے سوا کوئی چارہ نہیں۔