ورک ویزا پر جانے والوں کیلئے کوئی نئی شرط نہیں: ایف آئی اے
ایف آئی اے نے واضح کیا ورک ویزا پر سفر کرنے والے شہریوں کے لیے کوئی نیا حلف نامی نامہ یا اضافی شرط متعارف نہیں کرائی گئی
ایف آئی اے نے واضح کیا ورک ویزا پر سفر کرنے والے شہریوں کے لیے کوئی نیا حلف نامی نامہ یا اضافی شرط متعارف نہیں کرائی گئی/ فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) نے واضح کیا ہے کہ ورک ویزا پر سفر کرنے والے شہریوں کے لیے کوئی نیا حلف نامی نامہ یا اضافی شرط متعارف نہیں کرائی گئی۔

یہ اعلان وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی چوہدری سالک حسین کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے حکام نے وضاحت کی کہ گریڈ 18 یا 19 کے افسر سے دستخط شدہ کسی حلف نامے کی خبر بے بنیاد ہے اور اس کا کوئی سرکاری وجود نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار نے بتایا کہ لاہور اور کراچی ایئر پورٹس پر کچھ مسافروں کو غلطی سے آف لوڈ کیا گیا تھا جن کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

چوہدری سالک حسین نے ہدایت دی کہ کوئی بھی پاکستانی شہری جس کے پاس درست ورک ویزا یا پروٹیکٹر سرٹیفکیٹ ہو اسے بلاوجہ ایئرپورٹ پر نا روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک محنت کش پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

اس وضاحت کے بعد اوورسیز ورکرز اور ٹریول ایجنٹس نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ایف آئی اے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حقیقی مسافروں کو مکمل سہولت اور شفاف طریقہ کار کے ساتھ سہولت فراہم کی جاتی رہے گی۔