نیپرا میں صنعتی و زرعی صارفین کیلئے بجلی سستی کرنے کی درخواست دائر
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں صنعتی و زرعی صارفین کے لیے بجلی نرخوں میں کمی کرنے کی درخواست دائر کردی گئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں صنعتی و زرعی صارفین کے لیے بجلی نرخوں میں کمی کرنے کی درخواست دائر کردی گئی۔

وفاقی حکومت نے وزیر اعظم کے صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے سستی بجلی پیکیج کے تحت نیپرا میں درخواست دائر کر دی، نیپرا اتھارٹی 11 نومبر کو وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کرے گی۔

حکومت کی جانب سے نیپرا میں دائر درخواست میں صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ نرخ 22 روپے 98 پیسے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت کی جانب سے صنعتی و زرعی شعبے کے لیے بجلی کی قیمت میں 15 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف کاروباری لاگت میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے اور روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی صارفین کیلئے خوشخبری، فی یونٹ قیمت میں کمی کا امکان

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا واضح ہدف پاکستان میں معاشی ترقی، سرمایہ کاری میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے تاکہ عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچایا جا سکے۔

خرم شہزاد نے کہا کہ حکومت نے معیشت کے استحکام کیلئے سود کی شرح میں واضح کمی کی ہے جبکہ کاروباری طبقے کیلئے سرمائے تک رسائی بھی آسان بنا دی گئی ہے، ٹیکس کے ڈھانچے میں بنیادی اصلاحات جاری ہیں اور تنخواہ دار طبقے کے ساتھ ساتھ کارپوریٹ سیکٹر کیلئے بھی ریلیف پیکیجز متعارف کرائے گئے ہیں تاکہ مجموعی معیشت میں بہتری آئے۔

مشیر خزانہ نے یہ بھی بتایا کہ حکومت غیر دستاویزی معیشت کو رسمی دائرے میں لانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جس سے ٹیکس کی وصولی، تعمیل اور نفاذ کے نظام میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔