پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اعظم سواتی باعزت بری
Azam Swati acquitted
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے متنازعہ ٹویٹس کے دو مقدمات سے باعزت بری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے اعظم سواتی کی جانب سے دائر بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ایف آئی اے کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد مقدمات کو ثابت کرنے کیلئے ناکافی ہیں، جس کے بعد سینیٹر اعظم سواتی کو دونوں مقدمات میں بری کر دیا گیا۔

ذہننشین رہے کہ ایف آئی اے نے اعظم سواتی کیخلاف سوشل میڈیا پر دیے گئے متنازعہ بیانات اور ٹویٹس کے الزام میں دو علیحدہ مقدمات درج کیے تھے۔ ان مقدمات میں انہیں ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی اور غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 چیلنج کر دیا

عدالتی فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے اس فیصلے کو انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی کیخلاف قائم مقدمات بے بنیاد تھے، آج عدالت کے فیصلے نے یہ ثابت کر دیا کہ سچائی ہمیشہ غالب آتی ہے۔