عمران خان نے محمود اچکزئی کو حکومت سے مذاکرات کا اختیار دیدیا
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور سینیٹر راجہ عباس کو حکومت یا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا اختیار دیدیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان (فائل فوٹو)
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور سینیٹر راجہ عباس کو حکومت یا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا اختیار دیدیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو حکومت یا اسٹیبلشمنٹ سے کسی بھی قسم کے روابط سے روک دیا ہے۔

ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو ‏حکومت یا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا اختیار دے دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ‏حکومت یا اسٹیبلشمنٹ اگر مذاکرات یا بات چیت کرنا چاہیں تو محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے کریں۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست جاری

دوسری جانب عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان نے اڈیالہ جیل میں بھائی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ فارم 47 کی حکومت یا اسٹیبلشمنٹ سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی تاہم جو بھی بات ہوگی وہ محمود خان اچکزئی کے ذریعے ہوگی کیونکہ وہ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ ہیں۔

عظمیٰ خان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ انہیں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا پر مکمل اعتماد ہے، پارٹی کو کوئی بھی ہدایت یا پیغام صرف سلمان اکرم راجا کے ذریعے دیا جائے گی۔