شناختی کارڈ پر بلڈ گروپ کے اندراج سے متعلق قرار داد منظور
پنجاب اسمبلی میں شناختی کارڈ پر خون کے گروپ کا اندراج کرنے سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
پنجاب اسمبلی لاہور (فائل فوٹو)
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب اسمبلی میں شناختی کارڈ پر خون کے گروپ کا اندراج کرنے سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں لیگی رکن احمد اقبال چودھری نے شناختی کارڈ پر خون کے گروپ کے اندراج سے متعلق قرارداد ایوان میں پیش کی۔

قرار داد کے متن میں لکھا گیا کہ خون کے گروپ کی بروقت فراہمی سے حادثات اور ایمرجنسی میں سیکڑوں جانیں بچائی جا سکتی ہیں، مریض کا بلڈ گروپ معلوم نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتالوں اور بلڈ بینکوں کو بروقت مدد کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرار داد میں کہا گیا کہ قومی شناختی کارڈ میں بلڈ گروپ کی معلومات دینے سے بلڈ بینکوں کی جانب سے مریضوں کے لئے بروقت خون میسر کیا جا سکے گا۔

قرار داد میں مزید کہا گیا کہ عوامی مفاد میں ظفروال بلڈ سوسائٹی نے یہ معاملہ شروع کیا ہے تاکہ اس کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے، یہ ایوان وفاقی حکومت اور نادرا سے مطالبہ کرتا ہے کہ بلڈ گروپ کی معلومات کو شناختی کارڈ کا حصہ بنانے کےلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: بابا گورونانک کا جنم دن، ننکانہ صاحب میں عام تعطیل

علاوہ ازیں ایوان میں سموگ اور موسمی بیماریوں کے تدارک سے متعلق قرارداد بھی منظور کرلی گئی، قرارداد حکومتی رکن اسمبلی فاطمہ بیگم نے ایوان میں پیش کی۔

قرار داد میں کہا گیا کہ موجودہ موسمی حالات اور بڑھتی ہوئی سموگ کی وجہ سے عوامی صحت بری طرح متاثر ہو رہی ہے، سموگ اور موسمی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کےلئے گزارش ہے کہ بازار میں دوکانیں رات آٹھ بجے اور شادی ہال زیادہ سے زیادہ رات دس بجے بند کیے جائیں۔

پنجاب اسمبلی میں جمع قرار داد میں کہا گیا کہ حکومتی اقدامات سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ لوگوں کو صحت کے مسائل سے بھی تحفظ ملے گا، رات گئے تک دوکانوں کے کھلے رہنے سے غیر ضروری رش اور بے ضابطگی بڑھتی ہے جس سے بیماریاں تیزی سے پھیلتی ہیں۔

قرار داد میں مزید کہا گیا کہ سکولوں کے اوقات اور بچوں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے رات آٹھ بجے بازار بند کرنا عوامی مفاد میں بہتر فیصلہ ہو گا۔