نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا افسوسناک واقعہ خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں تھانہ مندنی کی حدود میں مندنی ٹو تخت بھائی روڈ نزد حنیف پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جے یو آئی رہنما مولانا عبدالسلام پر سیدھے فائر کیے جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے سول ہسپتال جمال آباد منتقل کر دیا گیا جبکہ واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خطرناک بیماریوں میں مبتلا افراد پر حج کی پابندی
مقتول مولانا عبدالسلام تحصیل تنگی اینگر باڑی بند کے مدرسہ ابوبکر صدیق میں بطور مہتمم فرائض سرانجام دے رہے تھے، مقتول جمعیت علمائے اسلام کی صوبائی شوریٰ کے رکن بھی تھے۔
مولانا عبدالسلام کے انتقال پر جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں و دیگر اعلیٰ حکام کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ ان کے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی ہے۔