رکن قومی اسمبلی علی گوہر مہر کی والدہ انتقال کر گئیں
Ali Gohar Mahar mother death
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) گھوٹکی سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی علی گوہر مہر اور علی نواز مہر کی والدہ انتقال کر گئیں۔

مرحومہ کی وفات پر گھوٹکی سمیت سندھ بھر کے سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مرحومہ وزیرِ زراعت و کھیل سردار محمد بخش مہر کی چچی تھیں، ان کی نمازِ جنازہ اور تدفین گھوٹکی میں ان کے آبائی قبرستان میں ادا کی جائے گی، جہاں بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے علی گوہر مہر اور علی نواز مہر سے ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

شرجیل انعام میمن نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ماں جیسی ہستی کا سایہ اٹھ جانا ناقابلِ تلافی نقصان ہے، ہم اس غم کی گھڑی میں سردار علی گوہر مہر اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید ہسپتال میں داخل

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم سردار علی گوہر مہر اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صبرِ جمیل اور مرحومہ کو بلند درجات عطا فرمائے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے بھی اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ماں جیسی عظیم ہستی کا بچھڑ جانا زندگی کا سب سے بڑا صدمہ ہے، ہم سردار علی گوہر مہر اور سردار محمد بخش مہر کے غم میں شریک ہیں۔