بادل کہاں کہاں برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
rain and snowfall forecast
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک، بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

موسم کی تازہ رپورٹ کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ مختلف مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار کے چند علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جبکہ ملک کے وسطی اور جنوبی حصوں میں موسم خشک اور قدرے سرد رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ بالائی علاقوں میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بھی موجود ہیں، جس سے پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

علاوہ ازیں اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منگلا، تلہ گنگ، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، نارووال، قصور اور شیخوپورہ میں بھی بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کارروائی میں صنعتی یونٹ مسمار

اسی طرح خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، مالم جبہ، کالام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، باجوڑ، خیبر، اورکزئی اور کرم میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا، تاہم مٹھی میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب کے کئی اضلاع میں اسموگ بدستور موجود رہی۔