پنجاب میں میٹرک امتحانات کب ہوں گے؟ شیڈول جاری
Matric exams 2026 date announced
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب بھر کے تمام تعلیمی بورڈز نے میٹرک امتحانات 2026 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

پنجاب کے تمام بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISEs) کے مطابق سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے پہلے سالانہ امتحانات آئندہ سال 3 مارچ 2026 سے بیک وقت شروع ہوں گے۔

تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی داخلہ درخواستیں صرف آن لائن سسٹم کے ذریعے جمع کرائیں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی صورت میں ہاتھ سے بھرے گئے فارم یا دستی چالان قبول نہیں کیے جائیں گے۔

انتظامیہ کے مطابق امتحانی عمل کو ڈیجیٹل اور شفاف بنانے کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے تاکہ نظام میں غلطیوں اور تاخیر سے بچا جا سکے۔

بورڈز نے سرکاری اور نجی اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ داخلہ فارم، پرنٹ شدہ کاپیاں اور بینک میں جمع شدہ فیس چالان متعلقہ بورڈز کے دفاتر میں مقررہ وقت پر جمع کرائیں۔

بورڈز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تفصیلی رہنمائی، شیڈول اور فارم جمع کرانے کی آخری تاریخیں جلد ہی تمام بورڈز کی سرکاری ویب سائٹس پر جاری کر دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے نئے پاسپورٹ فراڈ سے خبردار کر دیا

جاری کردہ اعلامیےکے مطابق پنجاب کے تمام نو تعلیمی بورڈز  لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، ڈی جی خان اور سرگودھا  اس مشترکہ شیڈول پر عمل کریں گے۔

طلبا اور والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی تکنیکی یا انتظامی مشکل سے بچنے کیلئے آن لائن فارم بروقت جمع کرائیں تاکہ رول نمبر سلپس اور دیگر امتحانی کارروائیاں وقت پر مکمل کی جا سکیں۔