
جرمن قونصل خانے سے جاری کردہ بیان کے مطابق ویزا سیکشن معمول کے مطابق درخواست گزاروں کو سروس کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے، ویزا سروسز اب مکمل طور پر معمول کے مطابق جاری رہے گی اور درخواست گزار اپنی اپائنٹمنٹس کے مطابق قونصل خانے سے رجوع کر سکتے ہیں۔
بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ قونصل خانے کی بندش کے دوران جن افراد کی اپائنٹمنٹ رہ گئی تھیں انھیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویزا پورٹل کے ذریعے دوبارہ اپائنٹمنٹ حاصل کریں۔
یہ بھی پڑھیں: 22 نومبر کو عمران خان کی رہائی کا فیصلہ ہوگیا تھا: مشاہد حسین
جرمن قونصل خانے کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ نان یورپین شہریوں کے لیے بھی سروس مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے اور اب تمام متعلقہ افراد دوبارہ سے ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ یورپیئن ملک کا ویزا لگوانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے ویزا سروسز معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
کراچی جیسے بڑے شہر میں اس سروس کی بحالی سے نہ صرف ہزاروں پاکستانی شہریوں کو سہولت میسر آئے گی بلکہ تعلیمی اور تجارتی روابط میں بھی بہتری آئے گی۔ خاص طور پر وہ طلبہ جو جرمنی کی یونیورسٹیوں میں داخلہ حاصل کر چکے ہیں یا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ان کے لیے یہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔
واضح رہے کہ جرمن قونصل خانہ کی کچھ عرصے کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کے باعث ویزا سروسز معطل کی ہوئی تھی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔