
سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام سینئر لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ لاہور کے حلقہ این اے 129 کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے مجھ ناچیز کو مسلم لیگ ن کے کارکنان ، حلقہ کے مقامی جماعتی امیدواران براۓ قومی اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں کی جانب سے براہ ِ راست ، ٹیلی فون کالز ، ملاقاتوں اور سوشل میڈیا پر خیر سگالی کے ان گنت پیغامات موصول ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ احباب کی جانب سے لاہور کے حلقہ این اے 129 کے ضمنی انتخابات لڑنے کیلئے اصرار کیا گیا جو کہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، ملک بھر سے سیاسی کارکنان اور جماعتی رہنماؤں کی بھرپور حمایت اور نیک جذبات کا بہت بہت شکریہ۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پہلی بات یہ ہے کسی بھی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینا مقامی امیدواران کا بنیادی حق ہوتا ہے ، دوسرا یہ کہ بعض ناگزیر سیاسی وجوہات کی بنیاد پر میں ان ضمنی انتخابات میں بطور امیدوار حصہ نہیں لینا چاہتا۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 129، پی ٹی آئی کا حماد اظہر کو امیدوار بنانے کا فیصلہ؟
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اپنی سوچ ، رائے ، جذبات اور خیالات کے اظہار کا دیانتدارانہ سلسلہ جاری رہے گا،اللہ کریم پاکستان کی حفاظت فرمائے۔
واضح رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 129 کی نشست تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے والد میاں محمد اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے جس کے لیے الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر افواہیں زیر گردش تھیں کہ این اے 129 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کو میدان میں اتارا جائے تاہم اب انہوں نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے سے معذرت کرلی ہے۔