حماد اظہر کی ن لیگ کے ٹکٹ پر ضمنی الیکشن لڑنے کی افواہوں کی تردید
رہنما تحریک انصاف و سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے این اے 129 کا ضمنی الیکشن ن لیگ کے ٹکٹ پر لڑنے کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف و سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے این اے 129 کا ضمنی الیکشن ن لیگ کے ٹکٹ پر لڑنے کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کے والد کے انتقال پر خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 129 پر تحریک انصاف کی جانب سے حماد اظہر کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم ساتھ ہی یہ خبریں بھی زیر گردش تھیں کہ حماد اظہر کو ن لیگ کی جانب سے ٹکٹ مل سکتی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لینے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ٹویٹ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اپنے والد کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی ۔

پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ دو درویش طبیعت افراد سے میں نے بہت کچھ سیکھا اور ان کی شفقت کے زیر سایہ رہا، ایک میرے والد اور دوسرے عمران خان، والد اللہ کو پیارے ہو گئے اور خان صاحب دو سال سے جیل میں ہیں، کاش آج میں خان صاحب سے مل سکتا اور ان کے گلے لگ کر اپنا دکھ کم کر سکتا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے وکیل ابوذرسلمان نیازی نے ایک بیان میں کہا کہ حماد اظہر کے کسی اور جماعت جیسے کہ مسلم لیگ( ن) میں شامل ہونے کی خبریں مکمل طور پر جھوٹی اور محض پروپیگنڈا ہیں۔

ابوذر سلمان نیازی نے مزید کہا کہ میں حماد اظہر کے ساتھ موجود ہوں اور وہ خود کہہ رہے ہیں کہ ’’اپنی آخری سانس تک عمران خان کے ساتھ ہوں‘‘، پی ٹی آئی وکیل اس پیغام کو حماد اظہر نے بھی ری ٹویٹ کرتے ہوئے اس کی تائید کی ۔