
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایات پر ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 500 سے زائد سیاحوں کو باحفاظت ریسکیو کرلیا ۔
سیکرٹری سیاحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر عبد الصمد کی ہدایات پر کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی،ٹورازم پولیس اور ریسکیو 1122کی ٹیموں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، سیاحوں کی 117 سے زائد جیپوں کیلئے راستہ بحال کردیا۔
سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبد الصمد نے کہا کہ محکمہ سیاحت صوبے میں سیاحوں کی حفاظت یقینی بنا رہی ہے، سیاح کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں محکمہ سیاحت کی ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بھاری مشینری کی مدد سے راستے سے ملبہ ہٹا کر روڈ کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشوں کے ایک اور دھواں دار سپیل کا الرٹ جاری
ترجمان کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ مانسہرہ میں کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے جھیل روڈ لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گیا تھا، جھیل سیف الملوک روڈ پر متعدد جیپوں پر سوار سیاح پھنس گئے تھے۔
کے ڈی اے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بھاری مشینری استعمال کر کے سڑک کھول دی ہے، تمام سیاح بحفاظت نکال لیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے 27 سے31 جولائی کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تاکید کی گئی ہے کہ سیاح اور مسافر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے گریز کریں۔