
پارٹی ذرائع کا بتانا ہے پی ٹی آئی نے سابق وزیراعظم عمران خان کی کال پر 5 اگست کو احتجاجی تحریک شروع کرنے کے حوالے سے پلان تیار کر لیا ہے اور اس حوالے سے مرکزی قیادت کی جانب سے صوبائی قیادت اور پارٹی رہنماؤں کو نئی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ 5 اگست کو بانی کی کال پر ہر ٹکٹ ہولڈر اپنے انتخابی حلقہ میں احتجاج ریکارڈ کروائے گا، تمام حلقوں میں احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کی جانب سے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں نے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان اکرم راجا بیشتر اجلاس میں کہہ چکے ہیں کہ میں احتجاج والا مٹیریل نہیں ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا
پارٹی ذرائع کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اگلا اجلاس بروز ہفتہ متوقع ہے تاہم اجلاس کے لیے تاحال کوئی وینیو فائنل نہیں کیا جا سکا۔
دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانچ اگست کی تحریک میں شدت آئے گی، بانی کا حکم سر آنکھوں پر، بانی نے پارٹی قیادت کو متحد ہونے کی تاکید ہے۔