
اس حوالے سے محکمہ بلدیات نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں شہر کے تمام 25 ٹاؤنز میں جاری پارکنگ فیس کا مکمل خاتمہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب کوئی بھی ادارہ یا شخص سڑکوں پر پارکنگ فیس وصول نہیں کر سکے گا۔ حکومت سندھ نے تمام میونسپل کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو فوری طور پر اس حکم پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر جاری اس اقدام کا مقصد شہریوں کو مفت پارکنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ کے ایم سی مالی طور پر مستحکم ہے، اس لیے عوام سے فیس لینا غیر ضروری ہے، فی الحال شہر کی 46 بڑی شاہراہوں پر پارکنگ مکمل طور پر مفت کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی اسی پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سوزوکی موٹر سائیکل کا اپ ڈیٹڈ ورژن متعارف
محکمہ بلدیات نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی ادارہ یا شخص پارکنگ فیس وصول کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب شہری حلقوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت سندھ کو سراہا ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف عوام کو مالی ریلیف ملے گا بلکہ غیر قانونی پارکنگ مافیا کی سرگرمیوں پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔