عمران نے گنڈاپور، گوہر کو بھرپور تحریک کی ہدایت کر دی: علیمہ خان
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے گنڈاپور، بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو بھرپور تحریک چلانے کی ہدایت کی ہے، پاکستان میں ڈاکو ڈفر الائنس قائم ہے
سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے گنڈاپور، بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو بھرپور تحریک چلانے کی ہدایت کی ہے، پاکستان میں ڈاکو ڈفر الائنس قائم ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں تھی ہمیں گزشتہ رات 12 بجے سماعت کی اطلاع دی گئی، آج صرف دو وکلاء کو اندر جانے کی اجازت دی گئی، فیملی، وکلاء اور میڈیا کو آج اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ ہم ساڑھے چارگھنٹے تک اڈیالہ جیل کے دروازے پر انتظار کرتے رہے۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ انہیں 22 گھنٹے تک سیل میں رکھا جا رہا ہے، اخبار، کتابیں اور ٹی وی ان کا بند کر دیا گیا، بانی نے اپنے وکیل کو بتایا کہ انہیں آج ایک کتاب فراہم کی گئی ہے، بانی نے کہا ہے سلیمان اور قاسم ان کی اولاد ہے وہ اپنے باپ کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں تو یہ انکا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں بیٹوں کی بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے عدالت سے رجوع کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اعظم سواتی نے شہباز گل کو آستین کا سانپ قرار دے دیا

پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ توشہ خانہ ٹو کا ٹرائل کالعدم قرار دے دینا چاہئے، بند کمرے کا ٹرائل آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے، یہ صرف مفروضہ ہے کہ شاہ محمود قریشی پارٹی کو لیڈ کریں گے، پی ٹی آئی کا لیڈر صرف اور صرف عمران خان ہے۔ سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ آئین کا تقاضا ہے ٹرائل اوپن ہو لیکن ٹرائل اندر ہو رہا ہے اور وکلاء کو باہر بٹھایا ہوا ہے۔

اس موقع پر بیرسٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا ٹرائل میڈیا، فیملی اور وکلاء کے بغیر ہو، یہ ٹرائل غیر قانونی، غیر جمہوری عمل ہے۔

علیمہ خان نے بھی اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ توشہ خانہ ٹو ناجائز کیس ہے، ہمیں نہیں معلوم اندر کیا ہو رہا ہے، ہم اپنے بھائی کے ساتھ کھڑے ہیں، انہیں کس چیز کا خوف ہے، یہ صرف ٹکریں مار رہے ہیں، جب تک بانی کو رہائی نہیں ملتی ہم کھڑے رہیں گے یہ لوگ ہمیں ڈرا نہیں سکتے۔