
تفصیلات کے مطابق مقتولہ بانو بی بی کی والدہ کو گزشتہ رات پولیس نے گرفتار کرلیا، جس کے بعد آج انہیں انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے خاتون کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
یاد رہے کہ بانو بی بی اور ایک مرد کو عیدالاضحیٰ سے تین روز قبل کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈیگاری میں سرعام قتل کیا گیا تھا۔ اس لرزہ خیز واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
گرفتار ہونے والی خاتون نے بیان میں دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی کو بلوچی رسم و رواج کے تحت سزا دی گئی اور یہ فیصلہ کسی ذاتی دشمنی یا نفرت پر نہیں بلکہ ایک جرگے میں کیا گیا تھا۔ خاتون نے سردار شیر باز ساتکزئی کی حمایت کرتے ہوئے ان سمیت دیگر گرفتار افراد کی رہائی کی اپیل بھی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:26 نومبر احتجاج، پی ٹی آئی کارکنان کو 6، 6 ماہ قید کی سزا
یاد رہے کہ سردار شیر باز ساتکزئی کو پولیس نے پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے، انہیں گزشتہ روز مزید 10 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔ مقدمے میں مقتولہ کے بھائی کو بھی نامزد کیا گیا ہے، جو تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکا۔ اس کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔