اپوزیشن اتحاد نے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی
Opposition APC 2025
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے اعلان کیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد نے 31 جولائی کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس (APC) بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اپوزیشن ذرائع کے مطابق اس کانفرنس کا مقصد حکومت کیخلاف متحدہ لائحہ عمل ترتیب دینا اور عوامی طاقت کے ذریعے اقتدار کو للکارنا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہ اتحاد کسی کھیل تماشے کیلئے نہیں بلکہ پاکستان میں آئین و جمہوریت کے تحفظ کیلئے قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے طاقت کے بل پر اقتدار پر قبضہ جمایا ہے اور عوام کی رائے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن جماعتوں نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی، ان کی قیادت کو جیلوں میں بند رکھا گیا اور عوامی مینڈیٹ کو پامال کیا گیا۔

شہباز شریف اور ان کے ساتھیوں پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی ہے اور کسی سیاسی جماعت نے اس فیصلے کی مذمت تک نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں:میٹرک کے پیپروں کی ری چیکنگ کا شیڈول جاری

محمود اچکزئی نے فلسطین کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے غزہ میں بچوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم کو عالمی عدالت سے سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اپوزیشن اتحاد کی اس آل پارٹیز کانفرنس کو آئندہ سیاسی حالات پر گہرا اثر ڈالنے والا اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔