
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی بنگلا دیش کے وزیر داخلہ جہانگیر عالم چوہدری سے ملاقات ہوئی۔ محسن نقوی کو وزارت داخلہ ڈھاکہ آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک بنگلہ دیش دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان اور بنگلا دیش نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹس کو ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ کا انٹرنل سیکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے بیٹوں کی ٹرمپ کے ایڈوائزر رچرڈ گرینل سے ملاقات
بنگلادیشی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈھاکہ آمد پر اپنے بھائی کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، آپ کا دورہ پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے انتہائی اہم ہے. بنگلادیشی وزیر داخلہ نے پولیس ٹریننگ کی پیشکش پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں بنگلادیش کے ساتھ انسداد دہشت گردی، منشیات و انسداد انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ، پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ بنگلہ دیش کا اعلیٰ سطح وفد جلدسیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے اسلام آباد آئے گا۔