
راولپنڈی کی انسداد دہشتگری عدالت نے 26نومبر احتجاج کے تین مقدمات میں عدم گرفتار ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔
ذرائع کے مطابق مقدمات میں مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، پولیس کی خصوصی ٹیمیں آج سے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کریں گی۔
ذرائع کا بتانا ہےملزمان میں سابق صدر عارف علوی ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے نام شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راشد و دیگر کو 10 سال قید کی سزا
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر، شاہد خٹک ، خالد خورشید ،فیصل امین ، وہاب علوی ،شہریار ریاض اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر کو بھی 9 مئی کے مقدمات میں 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
علاوہ ازیں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بھی 9 مئی کو شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں سابق صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور سینیٹر اعجاز چودھری کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئر مین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بری کردیا تھا۔