شاہ محمود کی قیادت پر قیاس آرائیاں قبل از وقت ہیں، سلمان اکرم راجہ
Shah Mehmood Qureshi
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا نام لینا قبل از وقت ہے، کیونکہ ان پر اب بھی پانچ سے چھ مقدمات زیر سماعت ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ شاہ محمود قریشی کی رہائی فوری ممکن نہیں، اس بنیاد پر قیادت سے متعلق قیاس آرائیاں بے وقت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب اس وقت فسطائیت (آمریت) کا شکار ہیں، کسی کو اس سے استثنیٰ حاصل نہیں، ایسے حالات میں کسی قسم کے غلط مفروضے قائم نہیں کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں کی جانب سے جو طرزِ عمل اختیار کیا گیا ہے، وہ صرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نہیں بلکہ پوری قوم کیلئے ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ موجودہ حالات میں جو کچھ عدلیہ اور نظام کے ساتھ ہو رہا ہے، وہ سب کے سامنے ہے، یہ صورتحال کسی طور بھی قابلِ قبول نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کا تمام سزاؤں کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ انصاف کا نظام انصاف نہیں رہا، بلکہ اب یہ حملوں کا نظام بن چکا ہے۔ عدالتی نظام اب خود قوم کیلئے ایک چیلنج بن چکا ہے۔ زندہ قومیں ایسے چیلنجز کا جواب دیتی ہیں، خاموش نہیں رہتیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستانی قوم اس غیر معمولی صورتحال کا کیا ردِ عمل دیتی ہے۔

واضح رہے کہ سلمان اکرم راجہ کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں سیاسی غیر یقینی کی کیفیت جاری ہے اور پی ٹی آئی کی آئندہ قیادت کے حوالے سے کئی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔