
اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور قانونی ماہر بابر اعوان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اے ٹی سی کی جانب سے سنائے گئے فیصلے آئین اور قانون کے سراسر منافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام فیصلوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے کیونکہ یہ انصاف کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔
بابر اعوان نے مزید کہا کہ جو سزائیں دی جا رہی ہیں وہ بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی کال پر کیے گئے احتجاج کے بعد کی جا رہی ہیں۔ جن لوگوں نے ظلم اور ناانصافی کیخلاف آواز بلند کی، انہیں اب ضمیر کی سزا دی جا رہی ہے، قانون واضح ہے کہ محض احتجاج پر دہشت گردی کی دفعات نہیں لگائی جا سکتیں۔
یہ بھی پڑھیں:نو مئی کیس: شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راشد و دیگر کو 10 سال قید کی سزا
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب حالیہ دنوں میں کئی رہنماؤں اور کارکنان کوعدالتوں کی جانب سے سزائیں سنائی گئی ہیں۔ پارٹی قیادت کا مؤقف ہے کہ یہ سزائیں سیاسی انتقام کا حصہ ہیں اور انہیں ہر فورم پر چیلنج کیا جائے گا۔