مون سون بارشوں کا قہر جاری، جاں بحق افراد کی تعداد سامنے آگئی
Pakistan monsoon deaths 2025
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں نتیجے میں حادثات کا شکار ہونے والے افراد کی فہرست جاری کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، جس کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 242 تک پہنچ گئی، جبکہ 598 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارشوں سے مزید 21 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔ 26 جون سے 22 جولائی تک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 209 گھر مکمل تباہ ہو چکے ہیں جبکہ 645 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ علاوہ ازیں 208 مویشی ہلاک، 12 پل اور ساڑھے 10 کلومیٹر سڑکیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔

یشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون کی حالیہ صورتحال پر الرٹ جاری کرتے ہوئے 25 جولائی تک مزید بارشوں اور ممکنہ خطرات سے خبردار کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ حساس علاقوں میں ریشون، بریپ، بونی، سردار گول، ہندور، بدسوات، اشکومن اور ارکاری شامل ہیں۔

دوسری جانب دریاؤں کی صورتحال بھی خطرناک رخ اختیار کر رہی ہے۔ دریائے سندھ، جہلم، چناب اور کابل میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دریا چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر نچلے سے درمیانے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ اسی طرح دریائے جہلم میں منگلا کے بالائی علاقوں اور دریا کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے 22 شہروں میں مفت وائی فائی نیٹ ورک فعال

خیبرپختونخوا میں دریائے سوات، پنجکوڑہ اور ان کے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ گلگت بلتستان میں ہنزہ، شگر، ہوشے، شمشال اور برالدو جیسے علاقوں میں اچانک سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔ بلوچستان کے اضلاع موسیٰ خیل، شیرانی، ژوب اور سبی بھی شدید خطرے کی زد میں ہیں۔

شاہراہ قراقرم اور بابوسر ٹاپ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکمل طور پر بند ہو چکی ہیں، جس سے آمدورفت معطل ہے۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔