غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ
 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گاڑی پر غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گاڑی پر غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں گاڑیوں پر غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے،ڈی جی ایکسائز نے شہر بھر میں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایکسائز عرفان میمن نے ہدایت کی ہے کہ فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑی کو بھاری جرمانہ عائد کیا جائے، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی نمبر پلیٹ کے علاوہ کوئی دوسری نمبر پلیٹ قابل قبول نہیں۔

عرفان میمن نے ہدایت کی کہ غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کو فی الفور بند بھی کیا جائے، شہریوں سے التماس ہے غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے استعمال سے گریز کریں، فینسی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کو کسی صورت روڈ پر چلنے کی اجازت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا طارق جمیل کی عمران خان سے متعلق وائرل ویڈیو جعلی قرار

ان کا کہنا تھا کہ صرف ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کی گئی نمبر پلیٹس ہی استعمال کے لیے منظور شدہ ہیں اور کسی بھی دوسرے نمبر پلیٹ کو قانون کے تحت ناقابل قبول سمجھا جائے گا۔

غیر نمونہ نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں معائنہ ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے، یہ ٹیمیں گاڑیوں کا فوری معائنہ کریں گی اور جو گاڑیاں خلاف ورزی کرتی پائی جائیں گی ان پر جرمانے عائد کریں گی۔

ڈی جی ایکسائز نے مزید کہا کہ ہم اس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے تاکہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کی نمائش میں نظم و ضبط اور معیاری طریقہ کار قائم رکھا جا سکے۔